برطانیہ، جرمنی اور بیلجیم کے بڑے ہوائی اڈوں پر رینسم ویئر سائبر حملہ متعدد پروازین تاخیر کا شکار-
یورپ کے کئی بڑے ہوائی اڈوں پر سائبر حملے کے باعث ہزاروں مسافروں کو شدید تاخیر کا سامنا ہے۔ جمعہ کی رات سے شروع ہونے والے اس حملے میں ہیکرز نے کولنز ایرواسپیس کے تیار کردہ خودکار چیک ان سسٹمز کو نشانہ بنایا، جس سے درجنوں پروازیں متاثر ہوئیں اور ہزاروں مسافر پریشانی کا شکار ہوئے۔
کولنز ایرواسپیس متاثرہ ہوائی اڈوں، بشمول لندن کے ہیتھرو اور برسلز ایئرپورٹ، کے ساتھ مل کر سسٹمز کی مکمل بحالی کے لیے کام کر رہی ہے اور اپ ڈیٹس کے آخری مراحل میں ہے۔ تاہم، برلن برانڈنبرگ ہوائی اڈے کے چیک ان سسٹمز پیر تک بھی بحال نہ ہو سکے، جہاں پروازوں میں ایک گھنٹے سے زیادہ کی تاخیر رپورٹ کی گئی۔
برسلز ہوائی اڈے پر مسافروں کو آن لائن چیک ان کے لیے آئی پیڈز اور لیپ ٹاپس کا استعمال کرنا پڑا۔ ہوائی اڈے کے مطابق، پیر کو 550 آمد و رفت کی پروازوں میں سے 60 کو منسوخ کر دیا گیا۔
